بنگلورو، یکم نومبر (ایس او نیوز) ریاست کے دو اسمبلی اور تین لوک سبھا حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لئے آج انتخابی مہم ختم ہوگئی۔ پچھلے چند دنوں سے ریاست کے سرکردہ قائدین کی طرف سے زور دار انتخابی مہم چلا کر ووٹروں کو راغب کرنے کانگریس جے ڈی ایس اتحاد اور بی جے پی کی طرف سے پوری کوشش کی گئی ، کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کی طرف سے انتخابی مہم کی قیادت سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا ، سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا، وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی ، نائب وزیراعلیٰ پرمیشور نے کی ، جبکہ بی جے پی کی طرف سے سابق وزیراعلیٰ یڈیورپا شیموگہ میں سابق وزیر سری راملو بلاری میں سرگرم رہے، جبکہ رام نگرم اور منڈیا حلقوں کو پارٹی نے اس قدر نظر انداز کردیا کہ آج رام نگرم حلقے سے بی جے پی امیدوار نے پارٹی کی طرف سے نظر انداز کئے جانے پر احتجاجاً مقابلے سے ہی ہٹ جانے کااعلان کردیا۔
دوسری طرف ان انتخابات کے لئے متعلقہ اضلاع کے انتظامیہ کی طرف سے تمام تیاریاں کرلی گئی ہیں ، نظم وضبط کی نگرانی کے لئے نیم فوجی دستوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔جن اضلاع میں انتخابات ہورہے ہیں وہاں پر سیکورٹی انتظامات کے بارے میں اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کمل پنت نے بتایاکہ حفاظتی انتظامات پر مرکزی دستوں کی 39 کمپنیاں مامور کی جارہی ہیں۔ سی آر پی ایف کی 9 بی ایس ایف کی 10 آئی ٹی بی ٹی کی دس اور سی آئی ایس ایف کی دس کمپنیاں علی الترتیب جمکھنڈی ،رام نگرم ، منڈیا ، شیموگہ اور بلاری میں تعیناتی کے لئے روانہ کی جارہی ہیں۔ مرکزی دستوں کے ساتھ متعلقہ اضلاع کی پولیس تعینات رہے گی۔افزود سیکورٹی انتظامات کے طور پر 25کے ایس آر پی پلاٹون بھی تیار رکھے گئے ہیں، ہر حلقے میں پانچ کے حساب سے تعینات کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ آئی جی پی اور اڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹرافک ہری شیکھرن کو انتخابی بندوبست کے لئے نوڈل افسر کے طور پر مقرر کیاگیا ہے۔